لکھنؤ، 8؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی)کے وفد نے قومی میڈیا انچارج انل دوبے کی قیادت میں بدھ کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔وفد نے صوبے میں غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے جانے کے لیے اپنی تجاویز کمیشن کو دی ہے ۔آر ایل ڈی لیڈروں نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں متعصباہ رویہ کی وجہ سے ہٹائے گئے انتظامی اور پولیس افسران کو اس اسمبلی انتخابات سے بھی دو رکھا جانا چاہیے ۔آر ایل ڈی وفدنے گزشتہ دونوں انتخابات میں جن پولیس افسران اور ملازمین کی جو تعیناتی رہی ہے انہی جگہوں پر دوبارہ تبادلہ کراکر آئے حکام اور ملازمین کو فوری طور پر جانچ کرکے ہٹانے، مرکزی فورسز کی نگرانی میں انتخابات کرانے، بلیک منی کے استعمال پر روک لگانے، رائے دہندگان کو لالچ دینے اور بہکانے والوں پر نظر رکھنے کے لیے اضافی پولیس فورس تعینات کرنے، دبنگوں اور مجرمانہ شبیہ والے امیدواروں کی طرف سے عوام میں شراب اور بلیک منی تقسیم کرنے والوں پر نظر رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔آر ایل ڈی لیڈروں نے اپنی تجاویز میں کہا کہ حکمراں طبقہ کے جن قریبی لوگوں سے انتخابات کی جانبداری متاثر ہو رہی ہو، انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے، بوتھ سطح کے افسران کو یہ ذمہ داری جائے کہ پولنگ سے پہلے رائے دہندگان سے ووٹر شناختی کارڈ کی تصویر کا ملاپ کر لیا جائے، جس سے فرضی ووٹنگ نہ ہو سکے ۔تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے اسٹارکمپینر ، ریاستی سطح کے عہدیداروں اور ضلع و شہر صدور کو اپنی گاڑیوں پر جھنڈا لگانے کی اجازت فراہم کی جائے۔پولنگ مراکز پر رائے دہندگان کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ ہو، اس بات کویقینی بنانے کے ساتھ ہی رائے دہندگان کی لائن لمبی نہ ہو یہ بھی یقینی بنایا جائے۔اس وفد میں ریاستی نائب صدر عارف محمود، مشرقی اترپردیش کے صدر آدتیہ وکرم سنگھ اور نوجوان آر ایل ڈی یوپی کے صدر روندر سنگھ پٹیل شامل تھے۔